خیبر پختونخوا حکومت کا اٹلی کے تعاون سے ملک کی پہلی کنزرویشن لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ
محمد فہیم
خیبر پختونخوا حکومت اٹلی کے تعاون سے ملک کی پہلی کنزرویشن لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ کنزرویشن لیبارٹری آثار قدیمہ کے نوادرات کے تحفظ کیلئے 5 شہروں میں قائم کی جائیگی ۔ محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا اور اٹلی کی حکومت کے درمیان صوبے میں آثار قدیمہ کے تحفظ کیلئے متعدد مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ جس کے تحت صوبے میں کئی مقامات پر کام بھی کیا گیا ہے۔
اب اٹلی کی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کو پاکستان کی پہلی کنزرویشن لیبارٹری قائم کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کردی ہیں، اس ضمن میں صوبائی حکومت کو 40 لاکھ یورو قرض فراہم کیا جائیگا، جو تقریبا ایک ارب روپے بنتا ہے۔
اٹلی سے ماہرین خیبر پختونخوا میں کنزرویشن لیبارٹری کے قیام میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھی فراہم کرینگے۔ ڈائریکٹر آثار قدیمہ ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق صوبے میں 6 لیبارٹریاں قائم کی جائینگی، پشاور میں دو جبکہ چترال ،سوات ،مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ایک لیبارٹری کے قیام کی تجویز ہے۔
انکا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں آثار قدیمہ کے تحفظ اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے عملہ کی تربیت بھی کی جائیگی۔ اٹلی کی پولیس محکمہ آثار قدیمہ کے عملہ کو نوادرات کی سمگلنگ روکنے کے جدید طریقوں سے روشناس کرائے گی۔
ذرائع کے مطابق منصوبہ کی تفصیلات وفاقی حکومت کو ارسال کی جائینگی جس کے بعد اٹلی کی حکومت کیساتھ معاہدہ کرکے اسے شروع کردیا جائیگا۔