خیبر پختونخواعوام کی آواز

جمرود، کوکی خیل دھرنے کے باعث لنڈی کوتل کے گرلز سکول بند

ازلان آفریدی

کوکی خیل دھرنے کے باعث لنڈی کوتل کے گرلز سکول بند پڑے ہیں، استانیاں شاہراہ بندش کے باعث پشاور سے نہیں آسکتیں، لڑکیوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔

تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ آفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لنڈی کوتل کی اسی فیصد لڑکیوں کے سکول بند پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھگیاڑی جمرود کے مقام پر کوکی خیل قبیلے نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے شاہراہ کو گزشتہ ایک ہفتے سے بند کر رکھا ہے۔

جس کے باعث پشاور اور دیگر علاقوں سے استانیاں لنڈیکوتل کے گرلز سکولوں میں حاضری دینے سے قاصر ہیں، جس کی وجہ سے اسی فیصد سکول بند پڑے ہیں۔ شریف اللہ آفریدی صدر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ شاہراہ کی بندش کی وجہ سے لنڈی کوتل کے گرلز سکولوں میں پڑھنے والی طالبات کی تعلیم سخت متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ مقامی استانیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے ساری استانیاں لنڈی کوتل کے گرلز سکولوں میں پڑھانے کے لئے جمرود اور پشاور سے آتی ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ پاک افغان شاہراہ پر بیٹھے کوکی خیل قبیلے کے متاثرین اور مظاہرین سے بامعنی مذاکرات کرتے ہوئے ان کے جائز مطالبات تسلیم کریں تاکہ شاہراہ آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے۔

انکا مزید کہنا ہے کہ پاک افغان شاہراہ کی بندش کے سبب ہمیشہ نوکر پیشہ افراد سب سے زیادہ پریشان اور متاثر ہوتے ہیں اور سرکاری ملازمین میں خواتین اس حوالے سے زیادہ تکلیف کا سامنا کرتی ہیں۔

Show More
Back to top button