ضلع خیبر: لنڈی کوتل میں پہلی بار چونگ (پمنکی) کی کامیاب پیداوار

ازلان آفریدی
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں چونگ (پمنکی) کی کامیاب کاشت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی ہے۔ وزیر زراعت خیبر پختونخوا میجر (ر) محمد سجاد خٹک، ڈائریکٹر جنرل زراعت خیبر پختونخوا مراد علی خان، اور ضلع خیبر کے ڈائریکٹر ضیاء السلام داوڑ کی خصوصی ہدایت پر، محکمہ زراعت نے اپنی تکنیکی معاونت فراہم کی، جس کے نتیجے میں لنڈی کوتل کے کسانوں نے پہلی بار یہ فصل کامیابی سے اگائی۔
یہ فصل چھوٹی کیاروں اور گملوں میں کاشت کی گئی، جس سے یہ ثابت ہوا کہ چونگ کی فصل مقامی ماحول میں با آسانی اگائی جا سکتی ہے۔
کسانوں نے فصل کی تیاری کے بعد اسے پیکٹوں میں پیک کیا تاکہ اس کی تازگی برقرار رہ سکے اور تجارتی مواقع میں اضافہ ہو سکے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے بیج کے انتخاب، پانی اور درجہ حرارت کی نگرانی، اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے مفید مشورے بھی فراہم کیے گئے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب تجربہ نہ صرف علاقے کے کسانوں کی دلچسپی بڑھائے گا، بلکہ زرعی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔