محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، سیلاب الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 سے 24 اگست کے درمیان خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے ساتھ دریائے کابل کا بہاؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع جیسے ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، اور ہزارہ میں سیلابی حالات پیدا ہو سکتے ہیں، جبکہ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔