پاکستان میں غیر ملکیوں کو 53 ہزار غیر قانونی شناختی جاری ہونے کا انکشاف
پاکستان میں غیر قانونی طور پر غیر ملکیوں کے مشکوک شناختی کارڈز پر 595 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں کو 53 ہزار سے زائد مشکوک شناختی کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں کےنام پر 349 بے نامی جائیدادوں اور کاروبارکا بھی انکشاف ہوا ہے جنہیں چھان بین کے لیے ایف بی آر کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ساڑھے 7 ہزار جعلی شناختی رکھنےوالوں کے خلاف کیسز تیار کر لیے گئے ہیں جن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور ان کے شناختی کارڈز سمیت موبائیل فون سم بلاک کرنے اور ان کے کاروبار اور جائیدادوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔
وزرات داخلہ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں افغانوں کے نام پر 2343 مشکوک بینک اکاؤنٹس کی چھان بین مکمل کر لی ہے۔ جبکہ ملک میں موجود غیر قانونی تاجک شہریوں کو واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم افغان مدرسوں کے طلباء کے بارے میں غور جاری ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں موجود غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے منٹس کے مطابق غیرملیکیوں کی وطن واپسی کے دوسرے مرحلے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔