اہل تشیع برادری آج عید غدیر منا رہی ہے، یہ تہوار کیوں منایا جاتا ہے؟
نبی جان اورکزئ
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں وہ لوگ عید الغدیر یا عید غدیر عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں جو اس پر یقین رکھتے ہیں. قبائلی ضلع کرم میں بھی یہ تہوار ان علاقوں میں منایا جا رہا ہے جہاں اہل تشیع آباد ہیں۔
زیادہ تر لوگ تجسس کے شکار ہیں کہ عید غدیر کیا ہے اسلام میں اس کی اہمیت اور پس منظر کیا ہے۔
عید الغدیر کب اور کیسے شروع ہوا؟
علامہ غفور حیدری خطیب جامعہ مسجد علی زئی، قبائلی ضلع کرم، کا اس حوالے سے کہنا ہے جب آپ ﷺ نے آخر حج ادا کیا تو واپس مدینہ منورہ جارہے تھے راستے میں غدیر خم کے مقام پر تمام صحابہ کرام کو جمع کیا اور مجموعے کو خطبہ فرمایا کہ
مَنْ کُنْتُ مَوْلَاهُ فَعَلِيٌّ مَوْلاَهُ
ترجمہ : جس کا میں مولا ہوں حضرت علی (رض) بھی ان کا مولا ہی ہے۔
غدیر مدینہ اور مکہ کے درمیان ایک علاقے کا نام ہے جبکہ خم عربی میں کنویں کو کہتے ہیں۔ اس خطبے کے بعد وہاں موجود تمام صحابہ کرام نے حضرت علی (رض) کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا۔
علامہ غفور حیدری کا کہنا ہے کہ تب سے اہل تشیع اس خوشی میں عید غدیر ہر سال عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھی کوئی مستند حدیث اور حوالہ نہیں ملتا ہے کہ حضرت علی (رض) اور دیگر اہل بیت نے کبھی اپنی زندگی میں یہ تہوار منائی ہے یا نہیں۔
لوئر کرم سے تعلق رکھنے والے مولانا بختیار احمد کا کہنا ہے کہ عید غدیر اہل سنت والے اس لئے نہیں مناتے کہ حضور پاک صلی علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں دو عیدیں سکھائی ہے ایک کو عیدالفطر اور دوسرے کو عیدالاضحٰی کہتے ہیں
ان کہنا ہے کہ محمد ادریس کاندھلوی اپنی اسلامی کتاب سیرت مصطفٰی ﷺ میں لکھتے کہ حضورﷺ آخری حج ادا کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے تو راستے میں ایک جگہ غدیر خم کے مقام پر 18 ذی الحجہ کے دن ان کے قافلے میں موجود صحابہ کرام سے خطبہ فرمایا کہ جو مجھے اپنا دوست سمجھتے ہیں وہ حضرت علی (رض) کو بھی اپنا دوست سمجھے اور اگر جو مجھے اپنا دشمن سمجھتے ہیں وہ حضرت علی (رض) کو بھی اپنا دشمن سمجھے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ حضرت علی (رض) اور دیگر اہل بیت نے کبھی اپنی زندگی میں عید غدیر کی خوشی نہیں منائی ہے۔
مقامی لوگ عید غدیر کیسے مناتے ہیں
کرم میں اہل تشیع عید غدیر جوش و خروش اور عقیدت سے مناتے ہیں اور دیگر عام عیدوں کی طرح اس عید پر بھی زیادہ تر لوگ نئے کپڑے پہن کر ایک دوسرے کو تحفے تحائف اور مبارکباد دیتے ہیں۔ اس دن پر گھروں میں مخصوص کھانے تیار کئے جا تے ہیں۔
پاڑہ چنار سے تعلق رکھنے والی شاداب حسین کا کہنا ہے کہ عید غدیر کیلئے ہم ڈھیر ساری تیاری کرتے ہیں۔ ہاتھوں پر مہندی لگا کر نئے لباس اور جوتے پہنتے ہیں۔ ایک دوسرے کو عید غدیر کی مبارکباد دیتے ہیں اور گھروں میں طرح طرح کے کھانے تیار کرتے ہیں۔ میں نے اج بھی عید غدیر نہایت ہی عقیدت و احترام اور خوشی سے منایا۔
امتیاز حسین کرم میں ایک نجی سکول کا پرنسپل ہے، عید غدیر کے حوالے سے وہ کہتے ہیں کہ یہ دن آنے پر ہم خوش ہوتے ہیں کیونکہ اس دن پر آپ ﷺ نے حضرت علی (رض) کے بارے میں خطبہ فرمایا ہے اس دن پر نئے کپڑے پہن کر ایک دوسرے کے گھر مبارکباد دینے اور لینے جاتے ہیں۔
عید غدیر یا عید الغدیر کے مناسبت سے اج بروز جمعہ 07 جولائی کو ضلعی انتظامیہ نے ضلع کرم میں سرکاری سطح پر لوکل عام تعطیل کا اعلان بھی کر رکھا تھا اور ضلع بھر میں میں سرکاری دفاتر بند رہیں۔