سوات میں فلڈ ایمرجنسی نافذ، کوہستان، دیر اور شانگلہ آفت زدہ علاقے قرار
محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا نے سوات میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی۔
انتطامیہ کے مطابق کالام کی تاریخی مسجد سمیت سوات کے کئی مقامات پر سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، اس کے علاوہ سوات میں بحرین اور مدین کےدرمیان سڑک سیلابی ریلےمیں بہہ گئی جس کی وجہ سے روڈ کو ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔
اسلام آباد، پشاور سے آنے والی ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے گزارا جا رہا ہے اور سوات سے آنے والی ٹریفک چکدرا کے مقام پر بند کر دی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے حالیہ سیلاب سے بری طرح متاثرہ اضلاع کوہستان، سوات، دیر اور شانگلہ کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے.
وزیراعلی محمود خان نے اپنے بیان میں ضلعی انتظامیہ کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں جہاں کہیں بھی سیلاب سے نقصانات ہوئے ہیں ان کے فوری ازالے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے.
یاد رہے کہ اپر چترال ، اپر کوہستان ،لکی مروت ، لوئر چترال ، چارسدہ ،ٹانک، صوابی،کرک اور ڈی آئی خان اضلاع کو پہلے ہی آفت زدہ قرار دیا جا چکا ہے۔