خیبر پختونخواعوام کی آوازقبائلی اضلاع

‘ووٹ دینے کیلئے ایمرجنسی ٹکٹ کرایا تھا، لیکن اب ہمارا کوئی پرسان حال نہیں’

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں اورسیز پاکستانیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس سلسلے میں آج اتوار کے روز ملک میں مقیم اورسیز پاکستانیوں نے باجوڑ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں کہا کہ بیرونی ممالک جانے والے پروازوں کی بندش کے باعث سینکڑوں مسافروں کے ویزوں کی معیاد ختم ہورہی ہے جبکہ بے روزگاری کی وجہ سے ایک طرف ان کے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سکولوں سے نکالا جارہاہے تو دوسری جانب ان کے گھروں میں فاقوں تک نوبت آ پہنچ چکی ہے۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے سعودی عرب میں گزشتہ چوبیس برس سے مزدوری کرنے والے مسافر نے بتایا کہ مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی روزگار، ملازمت کرکے اپنی جمع پونجی پاکستانی بھیج رہے ہیں ، یہی لوگ ہیں جنہوں نے ملک کے ساتھ ہر سانحہ اور مشکل میں اپنے عطیات کے ذریعے ملک کی مدد کی جبکہ آج یہ لوگ خود مشکل میں ہیں تو ان کا کوئی پوچھنے والا نہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہاں اورسیز کو حکومت کی کسی بھی پیکج میں شامل نہیں کیا گیا، احساس کفالت والے کہہ رہے ہیں کہ آپ نے پاسپورٹ بنایا ہے اس لئے آپ احساس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم کے اہل نہیں، پاسپورٹ تو ہم نے مزدوری اور روزی کمانے کے لئے بنایا ہے کیونکہ ہمارے ملک میں روزگار کے مواقعے نہیں اس لئے ہم مجبوری کی وجہ سے باہر ممالک میں مزدوری کرنے جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کیلئے ایمرجنسی ٹکٹ کرایا تھا، لیکن اب ہمارا کوئی پرسان حال نہیں، عمران خان نے ہمیں بھی بھیک مانگنے پر مجبور کیا ہے بنگلادیش جیسے ملک کو تو عزت مل رہا ہے لیکن ہمیں ہر جگہ ذلیل کیا جاتا ہے جبکہ وطن عزیز میں موجودہ حکومت نے بکریوں، بھیڑوں اور مرغیوں کے پروگرام میں صرف اپنے ورکرز کو نوازا ہے اور اس میں بھی ہمیں حصہ نہیں دیا گیا ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت جلد از جلد سفارتی سطح پر باہر ممالک کے حکمرانوں کے ساتھ اس معاملے پر بات کرے اور بیرون ممالک جانے والے پروازوں کو کھول دیا جائے ۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button