خیبر پختونخوا

کوہاٹ، مسلح تصادم میں بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

کوہاٹ کے دوراْفتادہ علاقے جبڑگمبٹ میں راستے کے تنازعہ پر فریقین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور باپ بیٹوں سمیت 5 دیگر زخمی ہو گئے جبکہ نواحی علاقہ بازید خیل میں نامعلوم افراد نے دو نوجوانوں کو آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس نے تہرے اور دوہرے قتل کے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقہ جبڑکے دورافتادہ گاؤں گیدڑ ڈھوک میں فریقین اشرف الدین ولد حکم دین اور بہادر شاہ ولد طاہر شاہ کے مابین مبینہ طور پر راستہ پر مستورات کے تنازعہ نے سنگین صورت اختیار کرتے ہوئے ہفتہ کی صبح ایک دوسرے پر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فریق اول سے دو سگے بھائی اشرف الدین اور زین الدین پسران حکم دین جبکہ فریق دوم سے بہادر شاہ ولد طاہر شاہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر فریق اول سے داوڑ دین ولد حکم دین اور سید رحیم ولد اشرف دین شدید زخمی ہو گئے جبکہ مخالف فریق کے نوید ولد خان نواز، خان نواز ولد غفور الرحمن اور ولی الرحمن ولد خانہ میر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو سول ہسپتال گمبٹ جبکہ زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔ پولیس نے علاقے میں پڑاؤ ڈال کر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ شام کوہاٹ کے نواحی علاقے بازید خیل سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو بعض نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔

پولیس میں درج رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز زیڑی تالاب کے نزدیک شیخان کے جنگلات میں دو نوجوانوں محمد کاشف ولد محمد یوسف عمر 24 سال اور ریاض محمد ولد محمد اسرافیل عمر 26 سال ساکنان بازید خیل کو بعض نامعلوم ملزموں نے بذریعہ اسلحہ آتشیں گولی مار کر موت کے گھاٹ اْتار دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ مقتولین آپس میں پڑوسی تھے۔ پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button