مردان کے چار یونین کونسلز میں پولیو مہم ملتوی کردی گئی
مردان کے چار یونین کونسلز میں پولیو مہم 3 دن کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔
ٹی این این نمائندہ کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں کی کم تعداد کی وجہ سے مردان کے چار یونین کونسلز، بابینی، کودینکہ، بخشالی اور فاطمہ میں پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے مردان میں ایل ایچ ڈبلیو آرڈینیٹر ڈاکٹر فہد اقبال نے بتایا کہ صوبے بھر کی طرح مردان میں بھی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے زیادہ ٹیمیں بنائی گئی تھی تاہم ان ٹیمیوں کی حفاظت کے لئے سیکورٹی اہلکار کم پڑرہے تھے جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے چار یونین کونسلز میں تین دن کے لئے پولیو مہم ملتوی رہے گی اور منگل کے روز سے دوبار شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ چار کونسلز کے علاقہ تحصیل مردان اور تخت بھائی میں پولیو مہم شیڈول کے مطابق جار ی رہے گی جبکہ کاٹلنگ، رستم اور گھڑی کپورہ میں تین دن بعد دوسری فیز میں پولیو مہم شروع کی جائے گئی۔
دوسری جانب مردان میں پولیو مہم کے سیکورٹی ڈی ایس پی سعادت خان کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد پوری ہے لیکن کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور پولیو ٹیموں کو فل پروف سیکورٹی دینے کے لئے یہ اقدام اٹھا یا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت مردان میں پولیو مہم فیز ون کی ٹیموں کی نگرانی کے لئے 2443 سیکورٹی اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔