چمکنی میں 7 افراد کے قتل کا ڈراپ سین، گھر کا سربراہ قاتل نکلا
پشاور کے علاقے چمکنی میں 7 افراد کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق 7 افراد کے قتل کا مرکزی ملزم گھر کا سربراہ ابراہیم ہے، ملزم کو چارسدہ کے علاقے تنگی سے گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او عباس احسن نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ دن قبل قتل کا المناک واقعہ پیش آیا، قتل کی واردات کی جدید خطوط پر تفتیش کی گئی۔
سی سی پی او عباس احسن نے بتایا کہ مرکزی ملزم کا نام ابراہیم ہے، قاتل کی بیوی نے اس سے طلاق لی تھی، ملزم کے مطابق بیوی نے دھوکے سے طلاق لی جس کا اسے رنج تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم ابراہیم نے 22 جون کو ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کیا، طیش میں آنے کے بعد تین بچوں، چچازاد بھائی کی بیوی اور بچوں کو بھی قتل کر دیا۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ ملزم اس کیس میں مدعی بھی ہے، ملزم نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت یہ قدم اٹھایا اور واقعے کو زمین کے تنازع کا رنگ دے دیا۔