خیبر پختونخوا

تعلقات کا شبہ، ملزم نے بہن اور پھوپھی زاد کو قتل کر دیا

مردان کے علاقہ شہباز گڑھی میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی ایک واردات میں بھائی نے فائرنگ کر کے اپنی سگی بہن اور پھوپھی زاد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

تھانہ شہباز گڑھی پولیس کے مطابق شہباز گڑھی کے علاقہ مبارک خیل میں ملزم نعمان ولد شرق داد نے فائرنگ کر کے اپنی سگی بہن اور پھوپھی زاد بھائی احمد شاہ ولد اعزاز سکنہ ادینہ کو موت کی ابدی نیند سلا دیا، ملزم کو دونوں کے مابین تعلقات کا شبہ تھا۔

پولیس نے ملزم کے والد شرق داد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب تھانہ کالو خان کی حدود میں سات مرلہ زمین کے تنازعے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ڈی ایس پی سرکل رزڑ پشم گل خان کے مطابق اعظم آباد چوکی کے قریب گھر میں چچا و بھتیجوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ نو سالہ بچی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی و جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ مرنے والوں میں دو بھائی شامل ہیں۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں فریقین میں سات مرلہ زمین کا تنازعہ کئی عرصے سے چلا آ رہا تھا جس میں دونوں فریقین کو 107 میں چلان بھی کیا گیا تھا۔

پولیس تھانہ کالوخان نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں و زخمیوں کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور کالو خان ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر لوئر دیر کے علاقے رباط میں خیموں میں رہنے والے، کچی آبادی کے لوگوں میں آپس میں لڑائی، لاٹھیوں اور پتھروں کی بارش، ایک شخص موقع پر جاں بحق اور ایک عورت تشویش ناک حالت میں تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button