کھیل

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایونٹ سے باہر کر دیا

پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کر لی، دوسری جانب اس شکست کے ساتھ ہی لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے دانش عزیز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 176 رنز بنائے۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، بابراعظم 23 اور شرجیل خان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل صرف 5 رنز جبکہ نجیب اللہ زدران 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان عماد وسیم 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم چیڈوک والٹن اور دانش عزیز کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز اکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہی۔

دانش عزیز نے 13 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ چیڈوک والٹن 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1406293077694857223

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آرش علی خان نے 4، عبدالناصر اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع ہوئی تو سیم ایوب اور جیک ویتھرالڈ نے 32 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 19 اور ویتھرالڈ 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دسویں اوور میں عثمان خان 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسی طرح 13 ویں اوور میں اعظم خان بھی 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 16 اوور کے اختتام تک گلیڈی ایٹرز نے 118 رنز بنا لیے۔

123 رنز کے مجموعی سکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی۔ حسن خان 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مزید مشکل میں آ گئے۔ ان کے فوری بعد عبدالناصر آئے جو صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے سرفراز نے آخری وقت تک میچ جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم انہیں کامیابی نہ ملی، 33 گیندوں پر 51 کے سکور پر سرفراز آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز مکمل کرتے ہوئے 162 رنز پر ہمت ہار گئی اور میچ کا فیصلہ کراچی کنگز کے حق میں آ گیا۔

بالنگ سائیڈ میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹ حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کر لیا تھا جس کے بعد کراچی کنگز کے لیے آج کا میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے، شکست کی صورت میں کراچی کنگز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی تاہم جیت کے ساتھ کراچی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گا اور لاہور قلندرز کا سفر تمام ہوجائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button