پشاور : جماعت اسلامی کے القدس مارچ میں ہزاروں افراد کی شرکت
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے پشاور کے جی ٹی روڈ پر القدس ملین مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی مارچ میں شریک ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نعرے بازی کی۔
القدس مارچ سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین ہمارے دلوں میں ہے، فلسطین کی آزادی کیلئے جینا مرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جبکہ یہ القدس مارچ اہل فلسطین کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں عالم اسلام زیادہ طاقتور ہے، مسلم ممالک کی 74 لاکھ سے زیادہ افواج ہے اور 83 لاکھ یہودیوں نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے لیکن اسلامی ممالک عوامی احتجاج پر قرارداد پاس کرتے ہیں، عملی کام نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھاکہ بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب مارچ سے ٹیلی فونک خطاب میں فلسطین کی مزاحمتی تبظیم حماس کے سربراہ و سابق وزیراعظم اسمعیل ہنیہ نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین سے متعلق مؤقف بہترین ہے جس پر ہم پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔