خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

"کپتان چپل” کا تحفہ اس بار وزیراعظم عمران خان تک کیوں نہ پہنچ سکا ؟

سلمان یوسفزئی 

”اس بار میں نے خان صاحب (وزیراعظم عمران خان) کے لئے عیدالفطر کے موقع پر پانچ جوڑے چپل تیار کئے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ چپل ابھی تک خان صاحب کے پاس نہیں پہنچیں، چپل میرے پاس پڑی ہیں اور جب بھی خان صاحب ہمیں وقت دے گا ہم بنی گالہ جا کر خود انہیں یہ چپل دے دیں گے۔”

پشاور کے علاقے نمک منڈی میں کپتان چپل کے نام سے واقع دکان کے مالک چچا نور دین ہر سال وزیراعظم عمران خان کے لئے خصوصی چپل تیار کرتے ہیں جنہیں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پذیرائی ملتی ہے اور ملک کے کونے کونے سے عمران خان کے فینز ان کی دکان کا رخ کرتے ہیں۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے چچا نور دین نے بتایا، ”ان چپلوں میں ڈارک براؤن، لائٹ براؤن، بلیک کلر، سوئٹ لیدر ( جس کو سویٹ کہتے ہیں) شامل ہیں اور ان کی یہ خصوصیات ہیں کہ ان میں پیر پسینہ نہیں کرتے اور انتہائی نرم اور گرمی کے موسم میں ٹھنڈک کا احساس دیتی ہیں ، یہ انتہائی آرام دہ چپل ہو گی جس میں عمران خان کو گرمی نہیں لگے گی، وہ اس چپل کو پہن کر جتنا بھی کام کر لیں، نہیں تھکیں گے، مجھے امید ہے کہ ہمارے کپتان کو یہ چپل بہت پسند آئے گی۔”

چچا نور دین کے مطابق کپتان چپل خریدنے لوگ ملک کے کونے کونے سے یہاں آتے ہیں خاص طور پر عید پر، تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے چپل سازوں کے روزگار کو نقصان ہوا ہے لیکن عید گزرنے اور لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد خریداروں نے ایک مرتبہ پھر ان کی دکان کا رخ کر لیا ہے اور وہ اپنی من پسند چپل خریدنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔

چچا کے بقول پاکستان سمیت، لندن، امریکہ، سعودی عرب، عرب امارات اور دیگر ممالک سے خریدار کپتان چپل خریدنے آتے ہیں اور وہ اس لئے یہ چپل خریدتے ہیں کیونکہ یہ چپل خان صاحب استعمال کرتے ہیں اس وجہ سے یہ لوگوں میں مقبول ہیں۔

محمد نسیم کا تعلق کوئٹہ کے نواں کلی علاقہ سے ہے اور وہ پشاور اپنے دوستوں کے ساتھ کپتان چپل خریدنے نوردین کی دکان پر آئے ہیں۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے نسیم نے بتایا کہ عید پر انہیں موقع نہیں ملا کہ وہ اپنے اور دوستوں کے لئے کپتان چپل خریدیں تاہم عید گرزنے اور لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد وہ پشاور آئے ہیں اور انہوں نے نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوستوں اور رشتہ داروں کے لئے بھی دس پندرہ جوڑے کپتان چپل خرید لی ہیں۔

ان کے مطابق وہ وزیراعظم عمران خان کے بہت بڑے فین ہیں اس لئے وہ کوشش کرتے ہیں کہ انہیں فالو کریں اور ان کے جیسی چپل پہن کر ان سے محبت کا اظہار کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button