خیبر پختونخوا

کورونا، خیبر پختونخوا کے 5 اضلاع جہاں شرح اموات صفر ہے

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے درمیان متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 224 سے تجاوز کر چکی ہے اور 3 ہزار 804 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے ایک لاکھ 15 ہزار 742 افراد شفایاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار 678 رہ گئی ہے۔

متاثرہ افراد کے معاملے پر صوبائی دارالحکومت پشاور پہلے نمبر پر ہے جہاں پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہزار سے زائد ہے جبکہ 1880 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے معاملے پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا آبائی ضلع سوات دوسرے نمبر پر ہے اور یہاں وائرس کے 7 ہزار 800 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 300 کے لگ بھگ افراد اپنی زندگیاں گنوا چکے ہیں۔

تاہم خیبر پختونخوا کے ٹوٹل 36 اضلاع میں 5 اضلاع ایسے بھی ہیں جہاں پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد باقی اضلاع کے نسبت کورونا کیسز انتہائی کم رپورٹ ہوئی ہے جبکہ ان اضلاع میں اب تک کورونا وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔

ان اضلاع میں ضلع ٹانک اور ہزارہ ڈویژن کے ضلع کولئی پالس، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور تورغر شامل ہیں جہاں پر اب تک ایک بھی فرد کورونا کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ان 5 اضلاع میں اب تک مجموعی طور پر 1 ہزار 22 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔ اسی طرح صوبے کے 6 اضلاع ایسے بھی ہیں جہاں پر کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5 سے کم ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button