خیبر پختونخواقبائلی اضلاع

‘ایک سوزوکی خربوزے کو سستا بازار کا نام دینا عوام کے ساتھ مذاق ہے’

محراب شاہ آفریدی

ضلع خیبر کے علاقے  لنڈیکوتل بازار ، خیبر بازار اور زکریا چوک مارکیٹ میں تاجروں نے اپنی من مانیاں شروع کر رکھی ہیں اور من پسند نرخوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں جبکہ چیک  پرائس ریویو کمیٹی کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کیا گیا ہے.

اس سلسلے میں لنڈ ی کو تل سے تعلق رکھنے والے ناظر آفریدی اور مہران آفریدی نے کہا کہ زیادہ تر لوگ غریب ہیں ماہ صیام کے اس بابرکت مہینے میں ہر جگہ پر خوراکی اور غیر خوراکی مواد کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے سعی کی جاتی ہے لیکن بد قسمتی سے لنڈی کوتل میں اس ماہ میں  مہنگائی میں  کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے جس کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہواہے جبکہ لنڈی کوتل میں دکانوں پر نرخنامے نہ ہونے کی وجہ سے دکانداروں نے اپنا راج قائم کر دیا ہے جس کی وجہ سے غریب طبقہ بہت متاثر ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹی ایم اے غریب طبقہ کے خلاف تجاوزات کے نام پر آپریشن کرتی ہے تاہم اثر ورسوخ والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔

اہلیان لنڈی کوتل نے ڈی سی کی طرف سے لگائے گئے سستا بازار کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیا کیونکہ ایک سوزوکی میں صرف تربوزے اور خربوزے فروخت کئے جارہے ہیں جس کو سستا بازار کا نام دیا گیا ہے۔

دوسری طرف ڈی سی خیبر نے کہا کہ رمضان میں قیمتوں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس حوالے سے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ ہرقسم حالات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت چوکنا رہے اور جو بھی خلاف ورزی کرے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا ئے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button