دس ڈالر کی ویکسین 8 ہزار روپے میں کیوں فروخت ہورہی ہے، پشاور ہائیکورٹ کی جواب طلبی
پشاور ہائیکورٹ نے کورونا ویکیسن قیمتوں سے متعلق کیس میں سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹسز جاری کردئیے۔
آج پشاور ہائیکورٹ میں کورونا ویکسین قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان اور جسٹس محمد نعیم نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل سیف اللہ محب کاکا خیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ویکسین فی ڈوز کی قیمت 10 ڈالر ہے جبکہ یہاں پر 8 ہزار سے زائد قیمت پر ویکسین فروخت ہورہی ہے۔
دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ وبا میں بھی لوگ پیسوں کے چکر میں پڑگئے ہیں اور یہاں پر جب اس طرح کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو لوگ پیسے بٹورنے کے چکر میں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب تک ہماری سوچ مفادات سے نکل کر قومی سوچ نہیں بن جاتی تب اتک ایسے مسائل حل نہیں ہونگے، ہر کسی کی جان عزیز ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو ویکسین ملنی چاہیے۔