کرک کے صحافی وسیم عالم کو اپنے والد نے قتل کیا تھا؟
کرک، گزشتہ روز شہید کئے گئے صحافی وسیم عالم کیس کا ڈراپ سین، سگا والد ہی قاتل نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق گزشتہ شام قتل ہونے والے صحافی قتل کیس میں پولیس نے اھم کاروائی کرتے ھوئے قاتل کو ضلع لکی مروت سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق شہید صحافی وسیم عالم کو اس کے اپنے ہی والد نے پستول سے فائر کر کے قتل کر دیا تھا اور اس کے بعد فرار ہو گیا تھا۔
پولیس نے جدید طریقہ سے تحقیقات اور موبائل ڈاٹا کے زریعے قاتل تک رسائی حاصل کی۔
وسیم عالم کے والد کا پچھلے کئی سالوں سے قطع تعلق تھا اور وہ الگ رہائش پذیر تھا، وسیم عالم کے ساتھ کسی معاملے پر تلخی کے باعث انہوں نے وسیم عالم کو راستے پر جاتے ہوئے فائر کی جس سے وسیم کی موت واقع ہو گئی۔
قتل کے بعد حق نواز ضلع لکی مروت فرار ہوا، جہاں سے پولیس نے اسے گرفتار کر لیا، زرائع کے مطابق قاتل حق نواز نے اعتراف جرم کرتے ہوئے واقعے کو اپنی سنگین غطی قرار دیدیا۔
دوسری جانب لکی مروت سے ٹی این این کے نمائندے غلام اکبر مروت کے مطابق لکی پولیس تاحال اس پیشرفت کی تصدیق نہیں کر رہی، ”اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس لکی مروت کے ترجمان شاہد حمید اور پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کیا ہے تاہم دونوں نے کیس میں کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔”
خیال رہے کہ کرک پریس کلب نے مقامی صحافی وسیم عالم کے قاتل/قاتلوں کی فوری گرفتاری اور مقتول کے ورثاء کو شہدا پیکج دینے کا مطالبہ کیا تھا۔