خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کو پنجاب سے آٹے کی سپلائی بند
فلور ڈیلرز ایسوسی ایشن ڈیرہ نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو پنجاب سے آٹے کی سپلائی کی بندش پر صوبائی حکومت سے داد رسی اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپورسے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے.
فلور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر راجہ اختر علی، جنرل سیکرٹری محمد خان نیازی، پریس سیکرٹری محمد الیاس نے کہا ہے کہ اٹک کے راستے صوبہ خیبر پختونخوا کو پنجاب سے آٹا سپلائی ہورہا ہے مگر صوبہ کے جنوبی اضلاع خصوصا ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان، لکی مروت، بنوں اور شمالی وزیرستان کو ڈیرہ دریا خان پل کے راستے پنجاب کے آٹے کی سپلائی بند کی گئی ہے جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے
انہوں نے کہا رمضان المبارک سے قبل ایک بار پھر پنجاب سے ڈیرہ دریا خان پل کے راستے خیبر پختونخوا آٹے کی سپلائی بند کرنا صوبہ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے آٹے کے ٹرکوں کو صوبہ خیبر پختونخوا داخل ہونے سے روکنا انتہائی ظالمانہ قدم ہے جس سے مذکورہ جنوبی اضلاع کے باسیوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں اور رمضان المبارک میں یہ مسائل مزید شدت اختیار کرجائیں گے۔
انہوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور دیگر سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ اس زیادتی کے سدباب کے لیئے پنجاب حکومت سے رابطہ کریں انہوں نے وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور سے بھی اپیل کی کہ وہ وفاقی سطح پر اس مسئلہ کے حل کے لیئے اپنا ذاتی کردار ادا کریں کیونکہ جنوبی اضلاع کی وفاقی حکومت میں موثر آواز علی امین خان گنڈہ پور ہیں اور انکی مداخلت سے اس مسئلہ کا جلد حل یقینی بن سکتا ہے.