خیبر پختونخوا
کورونا کے بڑھتے کیسز، خیبرپختونخوا میں پبلک ٹرانسپورٹ دو دن بند رکھنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہفتے میں دو دن پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے میں 2 دن انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پاپندی عائد ہوگی جس کے باعث ہفتے اور اتوار کو ایک شہر سے دوسرے شہر تک پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد کیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کے لیے تمام ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی نہیں ہوگی جب کہ گڈز ٹرانسپورٹ اور پرائیوٹ گاڑیوں کو بھی پابندی سےاستثنی حاصل ہے۔ دوسری جانب ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی بس سروس بدستور کھلی رہے گی۔