خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں 83 سستا بازار اور52 کسان مارکیٹس قائم کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان کے مہینے میں عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے صوبے، ڈویژنز اور اضلاع کی سطح پر متعدد انتظامی اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔رمضان پلان کے تحت عوام کو نسبتاً سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں 83 سستا بازار اور52 کسان مارکیٹس قائم کی جائیں گی جبکہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کے سلسلے میں بین الصوبائی رابطوں کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ، جس میں سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری خوراک اور انسپکٹر جنرل پولیس شامل ہیں۔

علاوہ ازیں رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے پولیس کے اسپیشل برانچ کو خصوصی ذمہ داری تفویض کی جائے گی جبکہ رمضان پلان پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی حکومت کے رمضان پلان اور شہریوںکی طرف شکایات کے حصول اور اُنہیں معلومات کی آسان فراہمی کیلئے تیار کی گئی رپورٹنگ ایپ ” مرستیال ” پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اﷲ عباسی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ویڈیو لنک کے ذریعے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے مجوزہ حکمت عملی اور رمضان مرستیال ایپ کی منظوری دیتے ہوئے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو رمضان پلان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے جبکہ متعلقہ حکام کو پلان کے تحت تمام تر اقدامات مقررہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ رمضان کے دوران عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام معاملات کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل مالی صورتحال کے باوجود رمضان کے دوران عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کو مکمل طور پر فعال بنائیںاور یقینی بنایا جائے کہ رمضان کے دوران کوئی بھی شخص کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور نہ ہو ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو رمضان پلان اور اس پر عمل درآمد کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 83 سستا بازار قائم کئے جارہے ہیں۔

ہزارہ ریجن میں 17 سستا بازار ، ملاکنڈ میں 18 ، پشاور؍ مردان ریجن میں 15 ، جنوبی ریجن میں 14 جبکہ ضم اضلاع میں 19 سستا بازار قائم کئے جائیں گے ۔ ان سستا بازاروں میں آٹا، گھی ، چاول ، چینی ، دالین ، سبزیاں ، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر دستیابی کیلئے صوبے اور اضلاع کی سطح پر چیمبر زآف کامرس ، ڈیلرز اور ہول سیلرز کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button