خیبر پختونخوا

کورونا وائرس تیسری لہر، پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد ہوگئی

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے ملک کے مختلف شہروں میں اپنے پنجے پوری شدت سے گاڑنے شروع کردیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 28 تک پہنچ گئی ہے جب کہ سیاحت کے حوالے سے ملک کے معروف شہر سوات میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد ہو گئی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح 19 فیصد، بونیر میں 16 فیصد، مردان اور مالاکنڈ میں 12 فیصد جب کہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور، مردان اور سوات میں ہسپتالوں کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کررہے ہیں۔ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے کسز میں اضافے کے بعد پشاور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حیات آباد، زریاب کالونی اور سعیدآباد سمیت 9 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی لیکن ان علاقوں میں غیرضروری آمدورفت پر پابندی ہوگی۔

حکومت پنجاب کے سیکریٹری صحت نے لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد پہنچنے پر شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کردی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button