زرعی یونیورسٹی پشاور کو بینک کی طرف سے 200 پودے عطیہ
پشاور میں ایک نجی بینک نے زرعی یونیورسٹی پشاور کو تقریباً 200 پودے عطیہ کردیئے. اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب تھے. اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب ، انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ سٹڈیز ڈاکٹر ملک شفیع ، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ٹیچنگ دلدار حسین، سیکرٹری برائے وائس چانسلر عبیداللّٰہ اور بینک مینجر وقار عظیم صدیقی نے پودے لگاکر ملک و قوم اور یونیورسٹی کے لئے اجتماعی دعا کی۔
پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب نے الائیڈ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت کے لیے کھلی فضا اور صاف ہوا میں سانس لینا بہت ضروری ہے، مگر بدقسمتی سے اس ترقی یافتہ دور میں انسان کو نہ صاف ہوا میسر ہے اور نہ ہی کھلی فضا جس کی وجہ سے انسان مختلف بیماریوں کے شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے درخت لگانے پر زور دیا ہے اور اس کو ثواب قرار دیا ہے۔ انہوں نے شجرکاری کو فروغ دینے اور آگاہی مہم چلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری سے موسمیاتی تغیرات کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔ اس کے ذریعے گلوبل وارمنگ اور ہیٹ سٹروک کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی حکومت کی جانب سے جاری شجرکاری مہم میں حصہ لے تاکہ زیادہ سے زیادہ پودے لگاکر اپنا اور آئندہ نسل کی مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔
بینک مینجر وقار عظیم صدیقی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران کے تعاؤن کا شکریہ ادا کیا.