خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ نے لیبر کالونی مردان کی بیوہ کی دعائیں لے لیں

مردان۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے لیبر کالونی مردان میں محکمہ لیبر کی جانب سے عمر رسیدہ خاتون کے گھر خالی کرانے کے معاملے کا نوٹس لے لیتے ہوئے محکمہ لیبر کو گھر خالی کرانے کا نوٹس واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی۔

ترجمان ڈپٹی کمشنر مردان کے مطابق کئی روز پہلے محکمہ لیبر کی جانب سے بیشتر کواٹرز کو خالی کرانے کے نوٹس دیئے گئے تھے جن میں ایک عمر رسیدہ خاتون، جو کہ اپنی بیوہ بیٹی اور دو معذور بیٹوں کے ہمراہ رہائش پزیر ہیں، بھی شامل تھیں۔

رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے وزیراعلی محمود خان کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے بیوہ کی مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے محکمہ لیبر کو فوری طور پر کواٹر خالی کرانے کا نوٹس واپس لینے اور ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف کو 50 ہزار روپے کی نقد کیش گرانٹ فراہم کرنے اور ممکن تعاون کی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر مردان حبیب اللہ عارف کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مجیب الرحمٰن نے اسسٹنٹ کمشنر مردان ثمن عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر و کئیرٹیکر لیبر کالونی کے ہمراہ متعلقہ گھر کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بیوہ خاتون سے ملاقات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کی جانب سے بھیجی گئی 50 ہزار روپے کیش گرانٹ فراہم کی اور انکو کوارٹر کے نوٹس کی واپسی کے حوالے سے اگاہ کیا۔

مذید ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق عمر رسیدہ خاتون کو گھر خالی کرنے کا نوٹس واپس لیے لیا گیا ہے جبکہ گھر کے یوٹیلٹی بلز بھی محکمہ لیبر ادا کرے گا، انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

عمر رسیدہ خاتون نے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر محکموں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button