حکومت وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس وباء کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کی طرف سے جاری کر دہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
اپنے ایک جاری بیان میں اُنہوں نے کاروباری حضرات پر بھی زور دیا کہ وہ کاروباری اور تجارتی مراکز میں کورونا کے متوقع پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں اور اس سلسلے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت اس وباء کے بڑے پیمانے پر ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھا رہی ہے جن کا مقصد معمولات زندگی کو چلانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جان و مال کو بھی محفوظ بنانا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کر کے ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں اور اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنائیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں وہاں ایس او پیز اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع خیبر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد آفریدی کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور جوانمردی کے ساتھ سماج دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے پر شہید کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے، وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔