قبائلی اضلاع

خیبر، ماربل فیکٹریوں میں ری سائیکلنگ کا بندوبست کرنے کیلئے 10 دن کی مہلت

ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد نے کہا ہے کہ ملاگوری ماربل فیکٹری سے نکلنے والے فضلے سے اہل علاقہ کی صحت پر بُرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

نمائندہ ٹ این این کے مطابق ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد نے ڈائریکٹر جنرل برائے ماحولیات ڈاکٹر امجد علی خان کے ہمراہ ملاگوری کے علاقہ شیر برج کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ماربل فیکٹریوں سے نکلنے والے نکاس آب کا معائنہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈی سی خیبر منصور ارشد نے کہا کہ ماربل فیکٹریوں سے نکلنے والے مواد سے ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے، وزیر اعلیٰ،چیف سیکر ٹری اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر علاقے کا دورہ کر رہے ہیں، یہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو واضح احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ ماربل فیکٹریوں کے مالکان کو 10 دن میں کارخانے کے اندر ری سائیکلنگ کا بندوبست کرنے کا پابند کیا جائے، تمام مالکان سے ملاقات کر کے انہیں کارخانے کے اندر ری سائیکلنگ کا بندوبست کرنے پر آمادہ کریں جبکہ مقررہ مدت کے بعد کسی کے ساتھ بھی کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

ڈی سی خیبر کے مطابق اس زہریلے مواد سے پینے کا صاف پانی بھی قابل استعمال نہیں ہے جس سے مقامی آبادی کی صحت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر اپنے گفتگو میں ڈائریکٹر جنرل برائے ماحولیات ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا کہ وہ کاروبار کے خلاف ہرگز نہیں ہیں مگر ماربل فیکٹریوں سے باہر کے علاقوں میں فضلہ کا باہر آنا قانونی جرم ہے۔

انہوں نے مقامی ماربل فیکٹریوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ نکاس آب کا بندوبست ماربل کارخانے کی چار دیواری کے اندر کریں تاکہ یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہو سکے۔

ملاگو میں 5 کروڑ کی آبنوشی سکیمیں

دوسری جانب شاگئی تا لوڑہ مینہ سڑ ک کے افتتاح کے سلسلے میں ماربل چوک میں سماجی کارکن صوبیدار شاہ جی کے حجرے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات الحاج شفیق شیر آفریدی، ایم پی اے الحاج بلاول آفریدی، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو شفاعت خان، نیسپاک کے آر ای، ٹھیکیدار آصف خان، الحاج کاروان ملاگوری کے الفت حسین، ملک داؤد اور ملک ہمایون سمیت مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں رکن صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی نے کہا کہ وہ عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، انہوں نے ملاگوری کے مختلف علاقوں میں 05 کروڑ روپے پانی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مختص کئے ہیں جس سے علاقے کے عوام کا صاف پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 12 کلو میٹر کی اس سڑک کی تعمیر پر 168.45 ملین لاگت آئے گی اور لوڑہ مینہ، پائندی للمہ سمیت ہزاروں افراد کو آمدورفت میں آسانی ہو گی، بہت جلد شیربرج سڑک پر بھی کام شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

اس موقع پر الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی الحاج بلاول آفریدی اور الحاج شفیق شیر کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف نے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھا کر عوام کو مزید مسائل کی دلدل میں پھنسا دیا ہے اور بیروزگاری نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ تقریب سے الفت حسین ملاگوری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button