خیبر پختونخوا

پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے طالبعلم شاہ زیب کی نماز جنازہ ادا

پشاور کی تھانہ غربی میں پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے طالبعلم شاہ زیب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
جنازہ شاہ زیب کے آبائی گاوں ملازئی میں ادا کردی گئی۔ جنازہ میں ڈپٹی اسپیکرصوبائی اسمبلی محمود جان سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

یاد رہے طالبعلم شاہ زیب کو پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا جس کے بعد پولیس نے دعویٰ کیا کہ شاہ زیب نے حوالات میں خودکشی کرلی ہے۔

تھانہ غربی میں مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے 14 سالہ طالب علم شاہ زیب کے والد خیال اکبر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران الزام عائد کیا کہ اس کے بیٹے کو حوالات میں تشدد کر کے مارا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ان کا بچہ نجی پبلک سکول میں ساتویں جماعت کاطالب علم تھا، اس کا ریاضی کا پرچہ تھا، تھانے سے دوپہر2 بجے فون آیا کہ آپ کا بیٹا لاک اپ میں ہے لہٰذا تھانے آجائیں، تھانے پہنچا تو تین گھنٹے انتظار کروانے کے بعد بتایا گیا کہ آپ کے بیٹے نے خود کشی کرلی ہے۔

 والد نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم انصاف چاہتے ہیں، دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ شاہ زیب کو لیاقت بازار صدر میں دکانداروں سے تلخ کلامی اور اسلحہ تاننے پرگرفتار کیا تھا اور اس کے خلاف 15 اے اے کے تحت ایف آئی آر درج کی تاہم کچھ دیربعد شاہ زیب نےحوالات کے اندر گلے میں پھندا ڈال کرخودکشی کرلی۔

ایف آئی آر درج کیے جانے پر لواحقین نے تھانے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دکانوں کے سائن بورڈز اکھاڑے اور شنہری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ اس افسوس ناک واقعے کے خلاف ڈی جی لاء اینڈ ہیومن رائٹس نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق کے تحت تحقیقات ہوں گی اور انصاف ہوگا۔

 دوسری طرف وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے حوالات میں بچے کی پراسرار ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا کو شفاف تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تھانے کے عملہ کو معطل اور ذمہ دار افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button