خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ محمود خان کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ شوکت یوسفزئی

صوبائی وزیر محنت وثقافت شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ان کی کارکردگی سب سے اچھی ہے صوبے میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل کا سہرا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو جاتا ہے، حالیہ سینیٹ الیکشن میں صوبہ خیبر پختونخوا نے سو فیصد رزلٹ دیا ہے۔

دورہ شانگلہ کے موقع پر شنگ اور بشام میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ایک میڈیا ہاؤس وزیر اعلیٰ محمود خان کی تبدیلی کے حوالے سے پروپیگنڈا کر رہا ھے جو صحافتی اقدار کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اعتماد کے ووٹ کے دن بھاگ گئی، یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان (فائل فوٹو)

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام اپوزیشن کا تعلق برگر فیملی سے ہے، یہ لوگ کیا دھرنا دیں گے، ان لوگوں کے دھرنے کا مقصد ہی فوت ہو چکا ہے، عمران خان ایک نڈر لیڈر ہیں، یہ لوگ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ایک ہو گئے ہیں لیکن ہمارے قائد نے واضح کر دیا ہے کہ اقتدار چھوڑ دوں گا لیکن چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کبھی بھی اسمبلی نہیں پہنچ سکتے، ان کی باری ختم ہو گئی ہے، ان کے ایک طرف مریم نواز اور دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری ہیں، یہ لوگ کون  سا انقلاب لائیں گے۔

قبل ازیں شوکت یوسف زئی نے تیس لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے شنگ روڈ اور چھیالیس لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے حوالئی روڈ کا افتتاح کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button