خیبر پختونخوا کی عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائیں گے: بلاول بھٹو زرداری
پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل دو وکٹیں گرا لیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر شمیم آفریدی اور ایم پی اے امجد آفریدی کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائے گی جبکہ پیپلز پارٹی نے ہی صوبے کو خیبر پختونخوا کا نام دے کر شناخت دلوائی تھی۔ ضمنی انتخابات میں عوام نے ثابت کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی غریب عوام کو روزگار دلواتی تھی لیکن موجودہ حکومت نے روزگار چھین لیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے پچھلے دور میں صدر آصف علی زرداری نے ملک بھر میں نہ صرف روزگار دیے بلکہ تنخواہوں میں بھی سو فیصد اضافہ کیا تھا۔ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں ریلیف دیا اور پنشن میں اضافہ کیا تھا۔ سرحدوں پرلڑنے والے جوانوں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی تھی اور ہماری سوچ تھی کہ گلگت سے بلوچستان تک چین کے ساتھ معاشی ترقی کریں گے لیکن نالائق حکومت سی پیک منصوبہ ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ہم نے سی پیک کی بنیاد عوام کی بھلائی کے لیے رکھی تھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کی عوام کو نالائق و ناجائز حکومت سے بچائیں گے اور کوہاٹ کی عوام کے نہ صرف مسائل حل کریں گے بلکہ عوام کو نالائق اور نااہل حکمران سے بھی چھٹکارا دلائیں گے۔ پی ڈی ایم حکومت کو سینیٹ میں ٹف ٹائم دے گی۔