سوات، 3 سالہ بچے کا گلا کاٹ کر نامعلوم ملزمان فرار
سوات، مینگورہ میں تین سالہ بچے کا گلا کاٹ دیا گیا، نامعلوم افراد بچے کا گلا کاٹ کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے علاقہ امان کوٹ میں سٹی مل کے قریب نامعلوم افراد نے گزشتہ روز تین سالہ احسان ولد امجد کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹ دیا اور فرار ہو گئے۔
بچے کو زخمی حالت میں دیکھ کر دیگر بچوں نے اُس کے گھر والوں کو اطلاع دی، بچے کو سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
رحیم آباد پولیس کے مطابق دفعہ 324 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی کارروائی جاری ہے، ”جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔”
دوسری جانب نوشہرہ کلاں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں اپنی بیوی کو ذبح کر کے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، مقتولہ 3 بچوں کی ماں تھی۔
پولیس کے مطابق خالد ساکن ولئی نے 19-12-2020 کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی کی شادی 13 سال قبل جانس کے ساتھ ہوئی تھی جن کے 3 بچے بھی ہیں، آج مجھے اطلاع ملی کہ جانس نے گھریلو ناچاقی پر رات کو میری بیٹی کو ذبح کر کے قتل کر دیا ہے، بیٹی کے گھر جا کر دیکھا تو اس کی ذبح شدہ لاش پڑی تھی۔
پولیس کے مطابق تفتیشی افسران نے ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے لگائے اور جدید طریقہ تفتیش سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملزم جانس ولد نعمت ساکن ولئ کو گرفتار کر لیا، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے سب کچھ اُگل دیا جس کے مطابق گھریلو ناچاقی کی وجہ سے یہ قدم اُٹھایا۔