خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے بنائی گئی کمیٹی تحلیل
صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی تحلیل کر دی گئی ہے۔ دو ہفتے گزرنے کے باوجود صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کی منظوری نہیں دی گئی۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی وزراء شوکت یوسفزئی ، تیمور سلیم جھگڑا اور سابق صوبائی وزیر سلطان محمد خان کی سربراہی میں ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
کمیٹی کے منٹس صوبائی کابینہ کو بھیجوائے گئے تھے تاہم گزشتہ اجلاس میں منٹس کی منظوری نہیں دی گئی اور آئندہ ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منٹس کی منظوری اور ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے فیصلے کے امکانات ہیں تاہم سینٹ کے انتخابات میں ووٹوں سکینڈل کے بعد صوبائی وزیر قانون کو مستعفی ہونے کی ہدایات کی گئی تھی جس پر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
صوبائی وزیر قانون کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سرکاری ملازمین کے لئے بنائی گئی کمیٹی بھی ختم ہو گئی ہے، سرکاری ملازمین کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو تحلیل کرنے کے بعد ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافہ ناممکن ہو گیا ہے۔