پشاور، نامعلوم افراد کے ہاتھوں پرائیویٹ کمپنی کا سکیورٹی گارڈ قتل
پشاور کے علاقہ مچنی گیٹ باچا گڑھی میں نامعلوم افراد نے پرائیویٹ کمپنی کے سکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
نور محمد ولد الطاف ساکن پٹوارپایان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے مچنی گیٹ پولیس کو بتایا کہ میرا بھائی 42 سالہ حاجی الرحمن پرائیویٹ کمپنی کا سکیورٹی گارڈ تھا اور معظم باچا کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، گزشتہ شب وہ ڈیوٹی سے چھٹی کے بعد گھر کیلئے نکلا تاہم رات گئے تک واپس نہیں آیا جس پر ہم نے اسے متعدد بار فون بھی کئے لیکن اُس نے فون اٹینڈ نہیں کیا جس پر ہم معظم باچا کے گھر کیلئے نکل پڑے تاہم راستے میں حاجی الرحمن کی قتل شدہ نعش پڑی ملی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے پاس سے اس کا لائسنس یافتہ لوڈڈ شدہ پستول، موبائل فونز اور بٹوے میں پڑی نقدی بھی برآمد ہوئی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ واردات راہزنی کا شاخسانہ نہیں ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے دیگر شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔