کالج پرنسپل کی تعیناتی کیلئے معیار تیار، ”انٹرویو خود لوں گا” کامران بنگش
وزیراعلی خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ پہلی دفعہ کالجوں میں پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے محکمانہ معیار کے مطابق سیٹ کرائیٹیریا تیار کر لیا گیا ہے، اس معیار کے تحت پچاس کالجوں میں پرنسپلز کی آسامیوں کو پُر کیا جا رہا ہے جس سے تعلیمی اداروں کو قائدانہ صلاحیت کے حامل رہنما چلائیں گے۔
وہ محکمہ اعلی تعلیم کے کمیٹی روم میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری اعلی تعلیم داود خان، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر کالجز، کوالٹی اشورنس اور ڈائریکٹوریٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ پچاس کالجز کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن پرنسپلز کی آسامیوں کیلئے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے درخواستیں وصول کرے گا، ان درخواستوں میں متعلقہ کالجوں کیلئے دلچسپی ظاہر کرنے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کی جائے گی جس کیلئے ڈیپارٹمنٹل سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، درخواستوں کی جانچ پڑتال ایڈمنسٹریشن، کالج مینجمنٹ پلان اور مارکیٹ لنکجز سمیت دیگر اکائیوں پر ہو گی۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کالج پرنسپلز کی تعیناتیاں میرٹ اور طلبا کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں، کالج پرنسپلز کیلئے بھی کرائیٹیریا بنا دیا گیا ہے، پرنسپلز کی آسامی کے لئے خواہشمند امیدواروں کی پروفائل سکورنگ ہو گی، سکورنگ میں امیدواروں کے پچھلے کرئیر، ایڈمنسٹریشن اور قائدانہ صلاحیت سمیت سافٹ سکلز اور مارکیٹ لنکجز جیسی بنیادی اکائیوں پر سکورنگ ہو گی، زیادہ سکور کرنے والے امیدوار ان آسامیوں پر تعیناتی کے اہل قرار دیئے جائیں گے۔
معاون خصوصی نے پرنسپلز کی آسامیوں کیلئے بھیجی جانی والی سمری کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج سے محکمہ اعلی تعلیم میں کسی بھی تعیناتی کیلئے معیار اور میرٹ کو اہمیت دی جائے گی، اداروں کو چلانے کیلئے کچھ کر گزرنے کی خواہش رکھنے والے قائدین چاہئیں، خانہ پُری سے کام نہیں چلے گا، ہر کسی کو اپنے عہدے اور اختیارات کے مطابق ڈیلیور کرنا ہو گا۔
معاون خصوصی نے اپیل کی کہ جن اساتذہ میں قائدانہ صلاحیت ہے اور وہ مستقبل کا لائحہ عمل رکھتے ہیں اور محکمہ اعلی تعلیم میں طلبا کیلئے کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں ان کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ آگے آئیں اور محکمہ میں جاری اصلاحات کا حصہ بن کر تعلیمی میدان میں اپنا لوہا منوائیں۔
کامران بنگش نے بتایا کہ میرٹ کی بالادستی اور میرٹ کے تحت تعیناتی پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کالجوں کے معیار کی بہتری بچوں کے مستقبل سے جُڑی ہے، پچاس کالجوں سے شروعات کی ہیں، تین سو کالجوں میں پرنسپلز کی تعیناتیاں اسی عمل کے تحت کی جائیں گی، یونیورسٹیاں اور کالجز پاکستان کی سطح پر نہیں بلکہ دنیا کی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طلبا کو تیار کریں۔
معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں تعلیمی اداروں کو مثالی بنا رہے ہیں، پرنسپلز کی کارکردگی جانچنے کیلئے پیمانہ تشکیل دیا گیا ہے، جن میں کام کرنے کی لگن ہے وہ سامنے آئیں، سزا اور جزا کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو ڈیلیور نہیں کر سکتا اس کیلئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔