لکی مروت کے 22 دیہات پینے کے پانی اور بجلی سے محروم
لکی مروت کے 22دیہات پانی اور بجلی سمیت سڑکوں کی ابتر حالت اور بے تحاشا مسائل سے دوچار ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے خصوصی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز ان دیہاتوں کے کمیٹی مشران نے ہمایون خان مروت، سابق ناظم حاجی روزی خان اور سابق تحصیل کونسلر حاجی گل رحمان کی سربراہی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور خان شیرانی سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایکسین پبلک ہیلتھ، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو اور پیسکو کے نمائندے حاجی عزیز الرحمان بھی موجود تھے‘مشران نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور خان شیرانی پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ بیگو خیل روڈ کی تعمیر و مرمت، روڈ قلیوں کو ڈیوٹی پر لانے، خراب ٹیوب ویلوں کی بحالی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کے لئے کردار ادا کرے تاکہ دیہی عوام کی مشکلات اور تکالیف کم ہوں۔
ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو نے یقین دلایا کہ سڑک کے خراب حصے ایم اینڈ آر فنڈ سے ٹھیک کئے جائیں گے ‘ ایکسین پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ خراب ٹیوب ویلوں کی بحالی کے لئے مطلوبہ فنڈز کے حصول کی خاطر صوبائی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور خان شیرانی نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ہر ممکن ریلیف پہنچانے اور انہیں مختلف شعبوں میں درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے مشران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو پانی و بجلی کے بل ادا کرنے پر قائل کریں اور بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں‘ بعد میں کمیٹی مشران نے ایکسین پیسکو فدا محمد محسود سے بھی ملاقات کی اور ان سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور وولٹیج میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔