خیبرپختونخوا حکومت کا فیس بک مونٹائزیشن آن کرنے کے لیے فیس بک سے رابطہ
خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک سے پاکستان میں مونٹائزیشن آن کرنے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاء اللہ بنگش نے ریجنل ہیڈ فیس بک سے رابطہ کر لیا۔
ضیاء اللہ بنگش کے مطابق ہمارے نوجوانوں اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی جانب سے پاکستان میں فیس بک کی مونٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر فیس بک سے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ یوٹیوب کی طرح فیس بک بھی پاکستان میں مونٹائزیشن آن کرے تا کہ ہمارے نوجوان اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ لوگ فیس بک سے پیسے کما سکیں، ہمارے نوجوان سوشل میڈیا پر پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں اور اس جدید دور میں یہ ان کے لیے آمدنی کا زریعہ بنے۔
ضیاء اللہ بنگش کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک کی مونٹائزیشن آن کرنے کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیے انشاءاللہ جلد ہمارے نوجوانوں کو خوشخبری ملے گی، اور فیس بک ہمارے نوجوانوں کے لیے پیسے کمانے کا زریعہ بنے گا۔ اس اقدام سے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی بھی بین الاقوامی سطح پر پروموشن ہو گی اور پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ ہو گا، اس اقدام سے پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا اور بہتر ہو گی۔