پشاور، 2 کمسن بچوں سے جنسی زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
شاور کے علاقہ بھانہ ماڑی لالازار کالونی میں درندہ صفت شخص نے 2 کمسن بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا جس سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق نواب ولد حاجی میراگل ساکن لالازار کالونی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز اس کا 6 سالہ بیٹا (ر) روتے ہوئے گھر آیا جس نے وجہ پوچھنے پر بتایا کہ سعد ولد سعاد اللہ ساکن لالازار کالونی اسے موبائل فون دے کر گھر لے گیا اور وہاں اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا کہ تو وہ اسے قتل کر دے گا۔
پولیس کے مطابق دریں اثناء نواب کے ہمراہ موجود اس کے ہمسایہ اکبر الرحمن ولد خیر الرحمن نے بتایا کہ 5 روز قبل ملزم سعد نے اس کے 7 سالہ بیٹے (س) کو بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا تاہم اس نے خوف کی وجہ سے کچھ نہیں بتایا لہٰذا ملزم کیخلاف اس کے بیٹے سے جنسی زیادتی کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا جائے۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کا میڈیکل چیک اپ کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا اور کارروائی کرتے ہوئے ملزم سعد کو گرفتار کر لیا گیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔