سوشل میڈیا پر مقبول پاکستانی چارلی چپلن کیا چاہتے ہیں؟
عبدالقیوم آفریدی
خاموش فلموں میں کامیڈی کرنے والے اداکار چارلی چپلن کے بارے میں شائد ہی کوئی ایسا ہو جو کچھ نا کچھ نہ جانتا ہو، برظانیہ میں پیدا ہونے والے مزاحیہ اداکار چارلی چپلن نے اپنی اداکاری کے ذریعے لوگوں کے دلوں پر راج کیا اور آج بھی لوگ ان کی مزاحیہ فلمیں دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔
چارلی چپلن کو گزرے ہوئے چالیس سال سے زائد ہو گئے لیکن اس کی مزاحیہ فلمیں آج بھی لوگوں میں یکساں مقبول ہیں یہی وجہ ہے کہ پشاور کے عثمان، پاکستانی چارلی چپلن، نے مزاحیہ اداکاری کے ذریعے سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔
ہاتھ میں چھڑی، پاﺅں میں الٹے جوتے پہنے، مخصوص ٹوپی، وہی مونچھ اور پینٹ کوٹ زیب تن کئے ہوئے عثمان خان پشاور کے مختلف علاقوں میں مزاحیہ ویڈیوز چارلی چپلن ہی کے مخصوص انداز میں بنا کر فیس بک اور ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کرتے ہیں جس کو لوگ کافی پسند کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عثمان خان المعروف پاکستانی چارلی چپلن نے بتایا کہ انہیں مزاحیہ اداکاری سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور بچپن سے لے کر اب تک وہ چارلی چپلن کے ایسے مداح ہیں کہ انہوں نے اس کی ویڈیوز دیکھ کر ہو بہو اس کا گیٹ اپ اور انداز اپنا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پشاور سمیت پورے ملک کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں جس کے لئے انہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے چارلی کے گیٹ اپ میں ویڈیو بنانا شروع کیں اور اپنے فیس بک اور ٹک ٹاک اور یوٹیوب اکاونٹ پر اپ لوڈ کرنا شروع کر دیں اور چند ماہ میں ان کے لاکھوں فالورز بن گئے۔
عثمان خان نے کہا کہ جہاں پر وہ ویڈیو بناتے ہیں تو لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو کر نہ صرف ان کی اداکاری سے محظوظ ہوتے ہیں بلکہ ان کے ساتھ ویڈیوز اور سیلفی بھی بناتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بنیادی طور پر وہ صدر میں کھلونے بیچنے کے روزگار سے وابستہ ہیں لیکن چارلی چپلن گیٹ اپ کے ساتھ مخصوص انداز میں مزاحیہ ویڈیوز بھی بناتے ہیں جس میں ان کے ساتھ دیگر دوست بھی شامل ہوتے ہیں۔
عثمان خان نے مزید بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ چارلی چپلن کا مکمل انداز اپنائیں جس کے لئے وہ گھر میں اس کی ویڈیوز دیکھتے ہیں اور آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اس کی ریہرسل بھی کرتے ہیں، ”چارلی چپلن جو مزاحیہ اداکاری کرتے تھے وہ کافی مشکل ہے، اس کی ویڈیوز کی نقل پر ویڈیوز بنانے کے دوران کئی بار مجھے چوٹیں بھی آئی ہیں۔”
لیکن ان مشکلات کو پس پشت ڈال کر وہ چارلی چپلن کی ویڈیوز پر اداکاری کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ باہر ممالک میں بھی لوگ پسند کر کے انہیں اپنی آراء سے آگاہ کرتے ہیں۔
پاکستان چارلی چپلن نے نئی بتایا کہ پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا پر بڑا سخت وقت گزرا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ان کے چہروں پر خوشیوں کو واپس لائیں اور اپنی ویڈیوز کے ذریعے مسکراہٹیں بکھیریں۔
عثمان خان نے کہا کہ چارلی چپلی کامیڈی کی دنیا میں ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں، اس جیسا کام کرنا تو مشکل ہو گا لیکن اس کی اداکاری کو سیکھنے کی کوشش کروں گا۔
نوجوان عثمان خان مسقتبل میں چارلی چپلن کا گیٹ اپ لئے مزید مزاحیہ ویڈیوز اور اداکاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں اپنی مزاحیہ اداکاری کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور جہاں سے بھی مزاحیہ اداکاری کرنے کی آفر آئی تو اسے وہ ضرور قبول کریں گے۔