خیبر پختونخوا

کرک، پولیو ٹیم پر حملے میں جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

کرک میں پولیو ڈیوٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق کانسٹیبل جنید اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائن کرک میں ادا کی گئی جس میں ڈی آئی جی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایک گھنٹہ انتظار کے باوجود بھی شریک نہ ہو سکے جبکہ جنازہ میں ڈی ایس پیز اور ایس پی انوسٹی گیشن کے علاوہ علاقہ معززین اور انجمن تاجران نے شرکت کی۔

جنازہ کے بعد شہید کی میت آبائی گاؤں میانکی روانہ کردی گئی، واضح رہے کانسٹیبل جنید اللہ کو آج صبح پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران لغڑی بانڈہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔

فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ پولیو ٹیم پر حملے کے بعد علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی۔

خیال رہے گزشتہ یعنی پیر کے روز سے ملک کے مختلف حصوں میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو چکی ہے۔

بلوچستان کے تمام 33 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم میں 70 لاکھ بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی جس کے لیے صوے بھر میں 28 ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button