سیاح رات کو سفر نہ کریں: گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی
ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری کے سبب سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ سیاح رات کو سفر نہ کریں، دوران سفر مشکلات سے بچنے کیلئے گاڑی میں چین لازمی رکھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ برف کے سبب سڑکوں پر پھسلن سے مقامی افراد اور سیاحوں کو آمدرفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جس سے بچنے کیلئے سیاح گرم کپڑے اپنے ساتھ رکھیں۔
خیال رہے کہ سردی کی نئے لہر کے سبب خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ ایمرجنسی کے تحت صوبے میں تمام بے گھر افراد کو شیلٹرز اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بے گھر افراد کیلئے شیلٹر اور کھانے کا فوری بندوبست کیا جائے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش بھی ہوئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں بادل برسے۔ چنیوٹ اور خوشاب میں بھی بارش ہوئی۔ کوہاٹ، نوشہرہ، لوئر دیر اور ہرنائی میں یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں آج پھر بارش کا امکان ہے۔