خیبر پختونخوا

کاٹلنگ، لاپتہ 9 سالہ طالبعلم کی تشدد زدہ نعش برآمد

مردان کے علاقہ کاٹلنگ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے 9 سالہ طالبعلم کی تشدد زدہ نعش برآمد ہو گئی، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق پرانا میلہ کا رہائشی تیسری جماعت کا طالب علم اسماعیل ولد ممتاز جو کہ 24 دسمبر کو عصر کے وقت لاپتہ ہو گیا تھا ورثاء اور اہل علاقہ نے تمام دستیاب ذرائع استعمال کر کے بچے کی تلاش شروع کی تاہم اس کا کوئی پتہ نہ چلا، پولیس بھی تلاش کرنے میں رات بھر لگی رہی اور 25 دسمبر کو علی الصبح اسماعیل کی لاش ایریگیشن نالے سے برآمد ہوئی۔

پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ٹائپ ڈی ہسپتال کاٹلنگ اور بعد میں ڈی این اے اور دوسرے انوسٹی گیشن کے لئے پشاور منتقل کر دی، علاقے کی فضاء سوگوار ہے، والدین اور دیگر رشتہ داروں پر غشی طاری رہی۔

ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا دورہ کیا جبکہ غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور یقین دلایا کہ ملزمان کو جلداز جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ”بچے کے گلے پر تشددکے نشانات تھے، جنسی ذیادتی کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔”

مقتول کے والد نے بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ کسی سے لڑائی ہوئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button