‘عمران خان میرا کیا احتساب کرے گا، ابھی وہ میرے شکنجے میں ہیں’
مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس نالائق اور نااہل کیخلاف ہم احتجاج کررہے ہیں کل انہوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی۔
مردان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے کل خود ٹی وی پر اپنی نالائقی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیے تھا، اس نے چیخ چیخ کر کہا عوام کے سر پر بٹھا تو دیا لیکن حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی، تم جانتے تھے کہ تم نالائق اور نااہل ہو، عوام کو جواب دو کہ شیروانی پہننے کی اتنی جلدی کیا تھی، عوام کی زندگیوں سے کھیل کر کہتے ہوئے حکومت چلانی نہیں آتی۔
مریم نواز نے کہا کہ تم جانتے تھے نالائق ہو اور وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل تھے تو پھر مردان کے عوام کو جواب دو ‘شیروانی پہننے کی جلدی کیا تھی’؟۔
ان کا کہنا تھا کہ مردان کے عوام نالائق حکمران کو گھر بھیجنے آئے ہیں، یہ انتخابات سے قبل کہتا تھا کہ 200 زبردست بندوں کی ٹیم ہے وہ ٹیم کہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں تو نظر آرہا ہے کہ ان کی کابینہ کے وزرا آپس میں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں اور اپنی کرسیاں تبدیل کررہے ہیں اور وہ ٹیم نظر نہیں آرہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا خطاب
جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ نااہل حکومت اور حکمران ہے، اب انہوں نے خود اعتراف کرلیا کہ میرے پاس تو ٹیم ہی نہیں ہے کہ اچھی حکمرانی دکھا سکوں۔
مولانا فضل الرحمان کا کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ٹھیک کردوں گا، تبدیلی آجائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملے گا لیکن اب کہتے ہیں کہ میرے سامنے جب اعداد و شمار پیش کیے جاتے تھے تو مجھے وہ سمجھ ہی نہیں آتے تھے، جب حساب کتاب کا علم نہیں تو کس نے کہا تھا کہ حکومت میں آؤ’۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘ آج غریب آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، جتنے دن یہ حکومت رہے گی ملک ڈوبتا چلا جائے گا، اس نااہل حکومت کو پاکستان پر حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں، معیشت تباہ کردی اور ہمیں انڈے اور کٹے دکھا رہا ہے کہ اس سے معیشت ٹھیک ہوگی لیکن آج انڈے بھی 240 روپے فی درجن پر پہنچ گئے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کہتا ہے کہ مجھے حساب دینا ہوگا، میں کہتا ہوں ابھی تو تم میرے احتساب کے شکنجے میں ہو، ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے تمہیں اندازہ ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان خطے میں تنہا ہوچکا ہے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں، جب سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے تو چین سےکہا کہ پیسے تو دے دو جس نے آپ کو بھاری شرح سود پر قرض دیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کا تختہ نہیں الٹیں گے، آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ قوم کے اس سیلاب کو آگے بڑھائیں گے اور اسلام آباد جائیں گے۔