مردان، تاجر کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، ملزم پولیس کی حراست میں
مردان پولیس نے پار ہوتی بازار کے تاجر محمد عبید کے اندھے قتل کیس کا سراغ لگا کر واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہد اللہ نے تاجر کے قتل کیس کے حوالے سے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 8 دسمبر کو تھانہ پارہوتی میں تاجر محمد عبید کی گمشدگی کی رپورٹ اس کے بھائی محمد عمیر ولد محمد افسر سکنہ محلہ صوبیدار پار ہوتی کی مدعیت میں درج کی گئی جس پر ضلعی پولیس نے گمشدہ تاجر کی تلاش و پتہ براری شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ اندراج رپورٹ کے اگلے دن مذکورہ تاجر کی قتل شدہ لاش واقع فرش پل توت کلے ارضیات سے برآمد ہوئی، اس اندھے قتل کو ٹریس آؤٹ کرنے کیلئے ایس پی انوسٹی گیشن محمد آیاز کی سربراہی میں ڈی ایس پی رورل سرکل عدنان اعظم، ایس ایچ او تھانہ پار ہوتی عجب خان، ایس ایچ او تھانہ چورہ نظیف خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جنہوں نے جدید سائنسی بنیاد پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو شاملِ تفتیش کیا۔
ڈی پی او مردان کے مطابق اس دوران واردات میں ملوث ملزم عدنان ولد انعام سکنہ بابینی مردان کو ٹریس کیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ چنگ چی چلاتا ہے اور مقتول کی دکان سے سریا اور سیمنٹ وغیرہ لوگوں کے لئے خریدتا تھا، ملزم کے ذمے مقتول کے 2 لاکھ 86 ہزار 500 روپے واجب الادا تھے لیکن ملزم عدنان کے پاس رقم موجود نہیں تھی اور مقتول اُس سے قرض رقم واپس کرنے کا تقاضہ کرتا تھا جس پر ملزم نے اُس کو پیسے دینے کے بہانے سے لے جا کر علاقہ تھانہ چورہ کی حدود میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ یہ اندھا قتل کیس مردان پولیس کیلئے ایک چیلنج تھا جس کو پولیس نے پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے واردات میں ملوث ملزم کو ٹریس اور گرفتار کر کے پورا کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ جوڈیشل ریمانڈ کے لئے عدالت میں اسے بروز منگل پیش کیا جائے گا۔