”ہر گزرتے دن کے ساتھ ووٹ کی اہمیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے”
پورے ملک کی طرح نوشہرہ اور کرم میں بھی ووٹرز کا قومی دن منایا گیا اور اس حوالے سے منعقدہ تقریبات میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے تفصیل سی روشنی ڈالی گئی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق الیکشن کمشنر پاراچنار کے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی الیکشن کمشنر شوکت حسین، الیکشن آفیسر عابد عالم جان، سینئر اسسٹنٹ ساجد علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور ان کے اندارج کو یقینی بنائیں، الیکشن کے دن اپنے ووٹ کا حق بڑھ چڑھ کر استعمال کریں کیونکہ اقتدار کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور ان کے تمام بنیادی مسائل کا حل بھی جمہوریت کے تسلسل میں ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام بھرپور حصہ لیں کیونکہ 2021 میں پہلی بار قبائلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں اور مقامی حکومتوں کے قیام کے بعد قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے راہ ہموار ہو جائے گی۔
اسی طرح نوشہرہ میں بھی ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نشہرہ کے زیر اہتمام ووٹر دے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے تفصیل سے روشنی ڈالی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نوشہرہ پرویز اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جمہوری دور میں ووٹ کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ووٹ کی اہمیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ووٹ آگاہی کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام مختلف اقدامات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔