خیبر پختونخوا

سلنڈر دھماکہ، فائرنگ اور چھت گرنے کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق 8 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان، شانگلہ، ہنگو اور نوشہرہ میں سلنڈر دھماکے، چھتوں کے گرنے اور فائرنگ پر مبنی واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ اسمعیل خان میں مکان کی چھت گرنے سے ٹھیکیدار اور ایک مزدور ملبے تلے دب کر موقع پر جاں بحق، ریسکیو 1122 کی ڈزاسٹر ٹیم نے نعشیں ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں۔

ریسکیو 1122 ڈیرہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اعزاز محمود کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ڈیرہ سٹی کے علاقہ عید گاہ کلاں کے قریب زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے اور دو افراد کے ملبے تلے دب جانے کی اطلاع پر میڈیکل و ڈزاسٹر ٹیموں نے فوری رسپانس کرتے ہوئے ملبے تلے دبے دونوں افراد کو نکالا تاہم شیر زمان اور راجو سکنہ موسیٰ ٹاؤن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

اسی طرح شانگلہ کی یونین کونسل کوزکانا کے علاقہ فیضہ چیلئ میں گھر کے اندر سیلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی اپنے دو کم عمر بچوں سمیت موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں گھر کے سربراہ نور احمد جن کی عمر 28 سال تھی، ان کی بیوی منیرہ، بیٹا پانچ سالہ نبی اللہ اور بیٹی تین سالہ زینب شاملِ ہیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب ہنگو میں فریقین کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق لاغڑہ اوٹی گنجانو کلی میں ماموں اور بھانجے کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، زخمی ہو گئے ہیں جن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، فریقین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اسی طرح نوشہرہ کے علاقے کنڈرو کوچانوں محلّہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک 3 سالہ بچی مناہل جاں بحق جبکہ ایک بچی اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیموں نے قاضی حسین احمد میڈیکل كمپلیكس منتقل کر دیا، ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں میں خاندانی زوجہ وقاص، طاہر خان اور 15 سالہ شازیہ دختر فظہر گل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب چارسد کے علاقے ہری چند سے تعلق رکھنے والے اسلامیہ کالج کے نوجوان طالبعلم کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا، نوجوان طالب عالم اویس کی لاش صبح کھیتوں سے برآمد ہوئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button