پشاور، اغواء کے بعد خواجہ سراء سے اسلحہ کی نوک پر 4 افراد کی اجتماعی زیادتی
پشاور کے علاقہ چمکنی میں مسلح افراد نے محفل موسیقی سے واپس جانے والے خواجہ سراء کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کرنے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزمان نے خواجہ سراء سے ہزاروں کی نقدی، موبائل فون اور طلائی انگوٹھی چھیننے سمیت اس کے بال بھی کاٹ دیئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
خواجہ سراء عبد السجاد عرف مہک ولد منظور حسین ساکن فیصل آباد حال شمع مارکیٹ نوتھیہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے چمکنی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب میں اپنے دیگر خواجہ سراء ساتھیوں نینا اور نایاب کے ہمراہ جہانگیر ولد غلام حیدر ساکن نازارہ کے حجرے میں محفل موسیقی کیلئے گیا تھا۔
متاثرہ خواجہ سراء کے مطابق تقریباً ساڑھے 12 بجے تقریباً ختم ہونے کے بعد واپس جانے کیلئے میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ٹیکسی سوار ہو گیا، راستے میں چمکنی موڑ کے قریب ایک گاڑی نمبر 448 نے ہماری ٹیکسی روک دی۔
مہک نے بتایا کہ خطرے کو بھانپتے ہوئے ہم نے دروازے لاک کر دیئے، اس دوران دوسری گاڑی سے 4 نامعلوم افراد اتر آئے جن میں ایک کے ساتھ پستول بھی تھا، ملزمان نے شیشہ توڑ کر مجھے بالوں سے پکڑ کر اتار لیا اور اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔
مہک نے الزام عائد کیا کہ راستہ میں ملزمان نے میرے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے کے بعد 45 ہزار کی نقدی، ایک طلائی انگوٹھی، موبائل فون چھین لیا اور بال کاٹ کر واپس اسے مقام پر گاڑی سے پھینک کر فرار ہو گئے۔