خیبر پختونخوا

گیس لیکج، سلینڈر دھماکوں سمیت مختلف حادثات میں 2 جاں بحق 14 زخمی

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختف اضلاع میں گیس لیکج اور سلینڈر دھماکوں سمیت متعدد واقعات میں ایک پانچ سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

جمعہ کے روز پشاور کے علاقے دلزاک روڈ مومن ٹاون میں گیس لیکج سے گھر میں دھماکہ کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ادھر ڈی آئی خان میں زکوڑی فلنگ سٹیشن کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈیرہ پولیس کے مطابق تھانہ یارک کی حدود میں زکوڑی فلنگ سٹیشن کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عطاء الرحمن مروت موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا بھائی سیف الرحمن مروت شدید زخمی ہو گیا۔

یارک پولیس نے متوفی عطاء الرحمن کے بھائی کی رپورٹ پر اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔

اسی طرح مردان, رستم بھائی خان کے علاقے میں دیوار تلے آنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ معمر خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد جے بعد ایم ایم سی منتقل کر دیا۔
دوسری نوشہرہ کینٹ، رحمان روڈ پر واقع گھر میں سلینڈر دھماکہ ایک خاتون اور تین بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کر دیا گیا، دھماکہ کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا، زخمی ہونے والوں میں گھر کے سربراہ تنویر خان، ان کی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں۔
اُدھر مردان کے علاقہ شیرگڑھ میں ٹریفک حادثہ میں 70 سالہ شخص زخمی ہوا، ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر رحمان گل ولد جمروز سکنہ احمد گل کلے شیرگڑھ کو علاج کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔
Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button