خیبر پختونخوا

مردان، گرلز ڈگری کالج شیخ ملتون کی سات طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج شیخ ملتون مردان کو کرونا وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہونے پر سات دن کے لئے بند کر دیا گیا۔

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد وزیر نے بتایا کہ مردان کے علاقہ شیخ ملتون میں واقع گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے عملے اور طالبات کے ٹیسٹ لئے گئے تھے جس کے نتائج آنے کے بعد سات طالبات میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے کالج کو سات دن کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ کالج میں جاری بی ایس کے امتحان کو کرونا وائرس ایس او پیز کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر مردان عابد وزیر کے مطابق ضلعی انتظامیہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری ایس او پیز پر تعلیمی اداروں میں عمل درآمد کے حوالے سے باقاعدہ چیکنگ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اداروں کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح کے ساتھ ساتھ وائرس سے اموات میں بھی ایک بار پھر اضافہ سامنے آیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثرہ 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 55 ہو گئی ہے۔

ادھر کورونا کی حالیہ لہر میں 3 گنا اضافہ ہونے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں تمام مزارات، تھیٹر اور سینما گھر فوری بند کر نے اور 500 سے زائد افراد کے ہر قسم کے اجتماع پر پابندی عائد کرنے کی سفارش مرتب کرلی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button