قومی

کورونا کی دوسری لہر،ملک بھر میں مزارات اور سینما گھر فوری بندکرنے کی سفارش

کورونا کی حالیہ لہر میں 3 گنا اضافہ ہونے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں تمام مزارات، تھیٹر اور سینما گھر فوری بند کر نے اور 500 سے زائد افراد کے ہر قسم کے اجتماع پر پابندی عائد کرنے کی سفارش مرتب کرلی۔

این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں جلد اور طویل کرنے کے لیے صوبائی وزرائے تعلیم کو متفقہ فیصلے کی بھی ہدایت کردی، سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) دے گی۔

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ہر روز تیزی سے بڑھ رہی ہے اور  اب تک کیسز اور اموات میں 3 گنا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی روک تھام سے متعلق اہم سفارشات تیار کر لیں جن کی حتمی منظوری قومی رابطہ کمیٹی دے گی۔

این سی او سی نے ملک بھر میں تمام مزارات، تھیٹر اور سینما گھر فوری طور پر بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ 500 سے زائد افراد کے ہر قسم کے اجتماع پر بھی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے، شادی ہالز میں صرف آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت کی سفارش کی گئی ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 500 تک افراد شریک ہو سکیں گے۔

ریستوران رات 10 بجے تک کھلے رکھنے اور کھانا صرف کھلی جگہ پر فراہم کرنے یا گھر لے جانے کی اجازت کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کے زیادہ کیسز تعلیمی اداروں میں آ رہے ہیں جس کے بعد صوبائی وزرائے تعلیم اور سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم سرما کی چھٹیاں جلدی کی جائیں اور طویل بھی، اس حوالے سے 16 نومبر کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ بھی کیا جائے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button