خیبر میڈیکل کالج کے تھرڈ ایئر کے طالبعلم کرونا سے جاں بحق
خیبر میڈیکل کالج کے تھرڈ ایئر کے سٹوڈنٹ ڈاکٹر عدنان حلیم کرونا سے لڑتے ہوئے آج شہید ہو گئے ہیں۔
پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر عدنان حلیم خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ائی سی یو میں وینٹیلیٹر پر تھے، ان کا تعلق ضلع سوات سے تھا۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اور صوبائی گورنمنٹ کرونا سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو کابینہ سے منظور شدہ شہدا پیکیج جلد سے جلد دیں اور کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ملازمین کو کرونا الاونس جلد سے جلد دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے طالب علم ڈاکٹر عدنان حلیم کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، کورونا کے حوالے سے ڈاکٹرز کمیونٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں آج ہی ایک اور ڈاکٹر کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے جبکہ دوسری جانب صوبائی سیکرٹری صحت کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ڈاکٹر بشیر، سابقہ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ کئی دنوں سے کرونا وائرس کی وجہ سے علیل تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے جو کہ آج صبح انتقال کرگئے۔